ننکانہ:صحت کارڈ، حکومتی کرپشن، مافیا کی چال، عوام کے مسائل کم نہ ہوسکے

ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)صحت کارڈ، حکومتی کرپشن، مافیا کی چال، عوام کے مسائل کم نہ ہوسکے،ادویات بازار سے خریدنے پرمجبور

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ننکانہ صاحب میں صحت کارڈ اسکیم کی ناکامی عوام کے لیے وبالِ جان بن گئی ہے۔ ادویات کا اندراج فائلوں میں موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو باہر سے ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جس نے حکومت کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔

چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر عدنان اقبال نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کو ہسپتال میں موجود مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء اور ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کو ہدایت دی کہ صحت کونسل کا فوری اجلاس بلایا جائے تاکہ مریضوں کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

ڈاکٹر عدنان اقبال نے کہا کہ ٹیسٹوں اور الٹراساؤنڈ کی فیس جمع کرانے کا کاونٹر نئی او پی ڈی بلڈنگ کے قریب منتقل کیا جائے تاکہ مریضوں کو طویل قطاروں اور پریشانی سے بچایا جا سکے۔انڈور وارڈز میں صحت کارڈ پر موجود ادویات کا اندراج ہونے کے باوجود مریضوں کے اہلِ خانہ کو باہر سے ادویات خریدنی پڑ رہی ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ ہیلتھ کونسل کی میٹنگ فوری بلائی جائے گی تاکہ ان مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کے اخراجات کا بوجھ کم سے کم ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فری ادویات کی فراہمی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں کے باوجود، موجودہ صورتحال عوام کے لیے مایوسی کا سبب بن رہی ہے۔

Comments are closed.