ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب، محمد تسلیم اختر راو کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اس اجلاس میں شہریوں کے مسائل کے حل اور ماہ ربیع الاول کے دوران سیکیورٹی اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے تحت، انصاف کی فراہمی کو شہریوں کی دہلیز پر پہنچانے کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈی پی او سید ندیم عباس نے مرکزی مسجد جامعہ رضوی سانگلہ ہل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور موقع پر ہی فوری حل کے احکامات جاری کیے گئے۔
ڈی پی او سید ندیم عباس نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانگلہ ہل آنے کا مقصد ماہ ربیع الاول کی محافل اور جلوسوں کو پر امن بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی پولیس کی طرف سے ماہ ربیع الاول پر بہترین سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ یہ مہینہ تمام عالم اسلام کے لیے رحمتوں، برکتوں اور فضیلتوں والا ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ماہ ربیع الاول کو انتہائی ادب و احترام، جوش و جذبے اور منظم طریقے سے منانا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں کے کاروبار اور جان و مال کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی اور جرائم پر قابو پانے کے لیے تمام تاجر برادری کو CCTV کیمرہ جات نصب کروانے کی ہدایت دی۔
کھلی کچہری کے بعد، ڈی پی او نے میلاد کمیٹی کے ہمراہ جشن عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے احکامات جاری کیے۔
اجلاس میں پولیس افسران، تاجر برادری، میڈیا اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی، جس سے علاقے میں امن و امان اور شہری مسائل کے حل کے لیے ایک مثبت پیغام گیا۔