ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)مدرسہ غوثیہ قادریہ کنز القرآن قرأت اکیڈمی میں طالبات میں اسکالرشپ تقسیم کی تقریب

تفصیل کے مطابق مدرسہ غوثیہ قادریہ کنز القرآن قرأت اکیڈمی کے زیر اہتمام طالبات میں اسکالرشپ تقسیم کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ضلعی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ سیدہ عابدہ گیلانی، ناظمِ اعلیٰ مدرسہ غوثیہ قادریہ کنز القرآن، ڈائریکٹر الہدایہ کورسز ڈیپارٹمنٹ شہزادہ روح الامین، سیدہ زاہدہ گیلانی، روبینہ اعجاز، طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران نظام المدارس پاکستان کی جانب سے مدرسے میں زیرِ تعلیم 50 طالبات میں فی کس 30 ہزار روپے کے اسکالرشپ تقسیم کیے گئے۔ مہمانانِ گرامی نے طالبات کو مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سیدہ عابدہ گیلانی، شہزادہ روح الامین اور دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کا دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارتیں سیکھنا قابلِ تحسین ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے کورسز طالبات کو خود مختار بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے اور وہ باعزت روزگار کے ذریعے اپنے والدین کا سہارا بن سکیں گی۔

اس موقع پر اسکالرشپ حاصل کرنے والی طالبات نے مالی معاونت پر نظام المدارس پاکستان اور مدرسہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ طالبات نے کہا کہ اس معاونت سے انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے میں آسانی ہوگی اور وہ بہتر مستقبل کے خواب کو عملی جامہ پہنا سکیں گی۔

تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا، جہاں شرکاء نے طالبات کی کامیابی اور مدرسہ کے فروغ کے لیے دعا کی۔

Shares: