ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی صحافیوں سے تعارفی ملاقات
تفصیل کے مطابق ضلع ننکانہ صاحب میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کمیٹی روم میں ننکانہ پریس کلب کی صحافی برادری سے تعارفی ملاقات کی۔ اس موقع پر ننکانہ پریس کلب کے چیئرمین ڈاکٹر شاہنواز قادری، صدر شیخ محمد آصف، PUJ کے صدر سمیع اللہ عثمانی، جنرل سیکرٹری راؤ توقیر اسلام، ننکانہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عرفان رشید بھٹی، انفارمیشن سیکرٹری احسان اللہ ایاز نامہ نگار باغی ٹی وی ،محمد شعیب اکرم چوہان، ندیم احمد قادری، چوہدری حبیب احمد عابد، چوہدری بشارت عرفان، مشتاق احمد انصاری، محمد قمر عباس رائے، شاہنواز بھٹی، رائے قمر بھٹی اور اصفر علی چوہدری ایڈوکیٹ ہائی کورٹ سمیت دیگر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
نئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے صحافی برادری کے عہدیداران سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا جدید ریاست کا چوتھا اور اہم ستون ہے اور قومی ترقی میں اس کا تاریخی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ننکانہ صاحب کی ترقی کے سفر میں میڈیا کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اس ضلع کو پھولوں کا شہر بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایک ماہ میں ننکانہ کو زیرو ویسٹ کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے صحافیوں کی شکایت پر ضلع بھر کے ہسپتالوں میں میڈیکل ریپ کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ناجائز تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تمام شہروں اور قصبوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا۔
میڈیا نمائندگان نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاترمیں سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واٹر فلٹریشن پلانٹس، ہسپتالوں کی طبی سہولیات، پارکس کی بحالی، سیوریج، صفائی ستھرائی اور ٹریفک کے مسائل پر فوری توجہ دینے کی درخواست کی۔
اس ملاقات میں دونوں فریقین نے آپس میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کو یقین دلایا کہ وہ شفافیت اور احتساب کے ساتھ کام کریں گے اور عوام کی خدمت کے لیے کوشاں رہیں گے۔