لاہور لیڈز یونیورسٹی میں نئے طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد

ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)لاہور لیڈز یونیورسٹی میں فال 2024 کے لیے نئے آنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کی صدارت چیئرمین ظہور احمد وٹو نے کی، جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم بھٹی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر حمزہ ظہور وٹو اور رجسٹرار سعید احمد وٹو نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ڈینز، شعبہ جات کے صدور، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور اساتذہ کے ساتھ طلبہ و طالبات کے والدین کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ظہور احمد وٹو نے نئے طلبہ کو لیڈز فیملی کا حصہ بننے پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی معیاری تعلیم اور ریسرچ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مناسب فیس اور اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے فروغِ تعلیم کو ممکن بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم بھٹی نے کہا کہ یونیورسٹی کے کینیڈا اور ملائیشیا کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی معاہدے (MoUs) موجود ہیں۔ ان معاہدوں کے ذریعے طلبہ کو بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے اور اپنا مستقبل سنوارنے کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر حمزہ ظہور وٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیڈز یونیورسٹی صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق طلبہ کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد طلبہ کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنے شعبے میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں اور کامیابی کے ساتھ آگے بڑھیں۔

تقریب میں شریک طلبہ اور والدین نے یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول اور پیش کردہ سہولیات کو سراہا۔ اس موقع پر طلبہ نے لیڈز یونیورسٹی کا حصہ بننے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

Comments are closed.