ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی نامہ نگار، احسان اللہ ایاز) شہر ننکانہ صاحب میں میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک اور مثال قائم کی گئی۔ سکھ کمیونٹی نے جلوس کے شرکاء پر گل پاشی کی اور سرکار حضرت محمد ﷺ کی آمد کی مبارکباد دی۔

میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مرکزی جلوس جامع مسجد اقصیٰ سے شروع ہوا، جس میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے درود و سلام پڑھتے ہوئے شرکت کی۔ جلوس میں "سرکار کی آمد مرحبا” کے نعرے بھی بلند ہوئے۔ سکھ کمیونٹی نے گوردوارہ جنم استھان کے سامنے سرجیت سنگھ کی قیادت میں جلوس میں شرکت کی اور گل پاشی کی۔ سکھ یاتریوں نے عاشقان رسول ﷺ کو پھولوں کے ہار پہنائے اور خوشی کا اظہار کیا۔

سکھ یاتریوں نے جلوس میں شریک لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر سردار سرجیت سنگھ کنول نے کہا کہ نبی پاک ﷺ کی آمد پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نبی ﷺ کے پیغام امن، محبت، اور رواداری کو اجاگر کیا اور دعا کی کہ پوری دنیا اور پاکستان میں امن و امان قائم رہے۔

جلوس کی فضا "آمد مصطفیٰ مرحبا مرحبا” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ جلوس کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، اور یہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا گولچکر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

Shares: