ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈی پی او ننکانہ فراز احمد کی ہدایت پر ڈی پی او دفتر میں یومِ قائد کے موقع پر ایک پروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کی جدوجہد و قربانیوں کو یاد کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بدولت آج ہم ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں اور ان کی قائدانہ صلاحیتیں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ قائد منانے کا مقصد محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ اپنے عظیم قائد کی قربانیوں اور افکار کو یاد رکھنا ہے۔
تقریب میں ڈی ایس پی لیگل محمد نعیم، حرا ایجوکیشن سسٹم کے طلباء و طالبات، پولیس افسران اور ملازمان نے شرکت کی۔ طلباء و طالبات نے قومی ترانہ، ملی نغمے پیش کیے اور قائداعظم کو شاندار انداز میں سلامی دی۔ شرکاء نے قائداعظم کی زندگی، جدوجہد اور پاکستان کے قیام میں ان کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی کی قدر ان مظلوموں سے پوچھی جائے جو آج غزہ اور کشمیر میں ظلم و جبر کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں بطور قوم ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے قائد کے فرمودات کو مشعلِ راہ بنانا چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ ایس پی انویسٹی گیشن اور دیگر شرکاء نے مل کر کیک کاٹا۔ بعد ازاں ڈی پی او فراز احمد نے تقریب میں شریک طلباء و طالبات میں تحائف بھی تقسیم کیے۔








