ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز )ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران ان پولیس افسران اور جوانوں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے ہیں جنہوں نے 15 پکار کال پر شہریوں کو خون کے عطیات فراہم کر کے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ یہ اعزازات مینجنگ ڈائریکٹر سیف سٹی لاہور ڈی آئی جی احسن یونس کی جانب سے ان اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے بھیجے گئے تھے جنہوں نے ورچوئل بلڈ بینک کے ذریعے ہنگامی حالات میں شہریوں کی پکار پر لبیک کہا۔ اسناد حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں انچارج پکار 15 عمر منظور، ہیڈ کانسٹیبل طاہر اور کانسٹیبلان اشفاق، اویس، عاصم، ناصر، سبیّل اور ارتضیٰ شامل ہیں، جنہوں نے پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ ساتھ سماجی خدمت کے جذبے کو بھی برقرار رکھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ننکانہ فراز احمد کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کا ورچوئل بلڈ بینک کا قیام تمام شہریوں کے لیے ایک انتہائی احسن اور انقلابی اقدام ہے جس کی بدولت خون کے عطیات کی فراہمی کا عمل شفاف اور تیز تر ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ ننکانہ پولیس کے جوان نہ صرف شہریوں کے جان و مال اور عزت کے محافظ ہیں بلکہ مشکل گھڑی میں اپنا خون دے کر زندگیاں بچانے میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ ورچوئل بلڈ بینک میں خود کو بطور ڈونر رجسٹر کروانے کے لیے 15 پر کال کریں تاکہ کسی بھی حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں انسانی جانوں کو بچانے کے عمل کو مزید مستحکم بنایا جا سکے، کیونکہ خدمتِ خلق کا یہ جذبہ ہی پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بناتا ہے۔

Shares: