ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر اور فنگر مارکنگ کر کے مہم کا افتتاح کیا۔ انسدادِ پولیو مہم آج سے 18 دسمبر 2025 تک جاری رہے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے دو لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قومی مہم میں مجموعی طور پر 1198 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں اور بس اسٹینڈز پر بھی پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں کیونکہ پولیو کے قطرے پلانے سے بچے عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو بھی اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوں گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو ٹیمیں محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں اور مہم کے دوران سو فیصد ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز کو ڈیجیٹل ڈیش بورڈ میں درست اندراج کرنے کی بھی تاکید کی گئی، جبکہ تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں مہم کی خود نگرانی کی ہدایت دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو مہم کے دوران فیلڈ اسٹاف کو ہر قسم کی لاجسٹکس اور مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نسلِ نو کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کے لیے پرعزم ہے اور بچوں کی صحت و حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ او، ڈی ڈی ایچ او، ایم ایس ڈی ایچ کیو، فوکل پرسن اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

Shares: