ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر کا بنیادی مرکز صحت اور اسکول کا اچانک دورہ، غیر حاضر عملہ معطل
ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راؤ نے بنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کا اچانک دورہ کیا اور غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران، بنیادی مرکز صحت میں تعینات عملہ غیر حاضر پایا گیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو تمام غیر حاضر عملے کو معطل کرنے کی فوری ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت برتنے والے افسران اور ملازمین کے لیے ضلع ننکانہ میں کوئی جگہ نہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں جاری ری ویمپنگ کے کاموں کا جائزہ لیا اور میٹریل کی کوالٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ تمام ترقیاتی کاموں کو 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایکسین بلڈنگ کو سرکاری ہسپتالوں کے راستوں کی فوری تعمیر و مرمت کی ہدایت دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کا عمل رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد دیہی مراکز صحت میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کھیاڑے کلاں کا بھی دورہ کیا اور اسکول کے گراؤنڈ سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔








