ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی،(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) مسلم سٹوڈنٹس لیگ پاکستان کے صدر انس محصی نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے "عہدِ تکمیلِ پاکستان” طلبا افطار ڈنر میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انس محصی نے ننکانہ کے طلبا کو درپیش تعلیمی اور معاشی مسائل پر روشنی ڈالی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے رمضان المبارک کی برکات اور اس مہینے میں خود احتسابی، کردار سازی، اور اجتماعی بھلائی کے جذبے کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا تھا اور اس کی تکمیل کے لیے نوجوانوں کو متحرک ہونا ناگزیر ہے۔ انس محصی کے مطابق مسلم سٹوڈنٹس لیگ پاکستان طلبا کو متحد اور بامقصد پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ ملک و ملت کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
افطار ڈنر میں طلبا، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔