ننکانہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انستھیزیا مشینیں 30 روز سے خراب، میجر آپریشن بند

ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انستھیزیا مشینیں 30 روز سے خراب، میجر آپریشن بند

تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث آپریشن تھیٹر کی بے ہوشی کی مشینیں گزشتہ 30 دنوں سے خراب ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں اور ڈاکٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ہسپتال جو ضلع کا سب سے بڑا سرکاری طبی مرکز ہے، انتظامی نااہلی اور وسائل کی کمی کے باعث مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ قائم مقام ایم ایس سرجن ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین محدود وسائل میں ہسپتال کی حالت بہتر بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں، لیکن بے ہوشی کی مشینوں کی خرابی نے مریضوں اور عملے کے لیے حالات مزید سنگین کر دیے ہیں۔

متعلقہ انجینئرز کی غفلت کے باعث یہ مشینیں تاحال ٹھیک نہیں کی جا سکیں۔ مریضوں کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور ہسپتال کے مسائل حل کیے جائیں۔

Comments are closed.