ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب اور ننکانہ صاحب پریس کلب کے زیر اہتمام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے اختتام پر انجمن تاجران، سول سوسائٹی، صحافی برادری اور وکلاء نے مشترکہ طور پر ایک ریلی نکالی۔
یہ ریلی ڈسٹرکٹ بار ننکانہ صاحب سے شروع ہوئی اور پریس کلب سمیت شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی گولچکر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں وکلاء، صحافیوں کے علاوہ سیاسی، سماجی اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔
شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کا بنیادی مقصد شہریوں کو اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی ترغیب دینا اور حکومت وقت کو اس بات کا احساس دلانا تھا کہ وہ دیگر مسلمان ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ (UN) اور آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (OIC) میں اسرائیل کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھائیں، فلسطینی بھائیوں تک فوری طور پر غذا اور ادویات کی فراہمی کے لیے آواز بلند کریں، جنگ بندی کروائیں اور ان کی بحالی کے عمل کا آغاز کریں۔








