ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) بے نظیر وسیلہ تعلیم کے تحت ڈراپ آؤٹ بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے کا عزم

تفصیل کے مطابق عالمی یوم تعلیم کی مناسبت سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت ڈراپ آؤٹ بچوں کی اسکول واپسی کو یقینی بنانے اور بے نظیر وسیلہ تعلیم کے ذریعے انرولمنٹ بڑھانے کے لیے ضلعی دفتر میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت محترمہ طیبہ یاسمین نے کی، جس میں این سی ایچ ڈی، نادرا، سیاسی و سماجی رہنماؤں، اور خواتین ونگ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وومن ونگ کی ضلعی صدر ذکیہ رانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ "بے نظیر وسیلہ تعلیم” کے ذریعے قومی سطح پر ڈراپ آؤٹ ریٹ میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، لیکن اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے وظیفہ کی رقم میں اضافہ اور ادائیگی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ ہر بچے کے لیے تعلیم کا حق ممکن ہو سکے۔

محترمہ طیبہ یاسمین نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ پروگرام کے تحت بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ تمام متعلقہ ادارے اور کمیونٹیز مل کر ڈراپ آؤٹ بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے لیے کوششیں کریں۔

اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ بے نظیر وسیلہ تعلیم کے تحت ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Shares: