ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر کےبنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے عملے کی معطلی احکامات ہوامیں اُڑگئے

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کے احکامات کے باوجود چار روز گزرنے کے بعد بھی بنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے غیر حاضر عملے کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا۔

29 دسمبر کی رات ڈپٹی کمشنر نے اچانک بنیادی مرکز صحت کا دورہ کیا، جہاں عملہ، بشمول ایل ایچ وی، آیا، اور چوکیدار، غیر حاضر پایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر عملے کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، لیکن سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ضلعی محکمہ صحت کے معتبر ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کے احکامات کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے، جو کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف ضلعی انتظامیہ کے لیے باعث تشویش ہے بلکہ عوام میں بھی بے چینی پیدا کر رہی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی غفلت نہ ہو۔

Shares: