ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی محکمہ صحت ننکانہ صاحب کی کارکردگی طویل عرصے سے مسائل کا شکار رہی ہے، تاہم 6 ماہ کی مدت کے بعد بالآخر ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان کو سی ای او ہیلتھ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر فوری طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر ذیشان، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عمران شاہ، اور سی ای او آفس کے دیگر عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق، ننکانہ صاحب میں محکمہ صحت مسائل کا شکار تھا، اور مستقل سی ای او ہیلتھ کی عدم تعیناتی کی وجہ سے ضلعی محکمہ صحت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ اب جب کہ ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان کو یہ بھاری ذمہ داری سونپی گئی ہے، ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سی ای او ہیلتھ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد مختلف برانچوں کا معائنہ بھی کیا اور محکمہ کے عملے سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران سپرٹنڈنٹ سی ای او آفس محمد آصف نے انہیں برانچوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر طلحہ بن ضیاء خان کی تعیناتی سے ضلعی محکمہ صحت کے حالات میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔