ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز): کیپ ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کے کوآرڈینیٹر چوہدری عبدالخالق گجر بین الاقوامی فیوچر پروجیکٹ فورم میں پاکستانی وفد کی نمائندگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں۔ یہ فورم 8 سے 10 ستمبر 2025 تک سعودی کنٹریکٹرز اتھارٹی (SCA) کے زیر اہتمام ریاض میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس فورم میں دنیا بھر سے تعمیراتی صنعت کے ماہرین اور ادارے شرکت کر رہے ہیں۔
پاکستانی وفد کی اس شرکت کا مقصد تعمیراتی صنعت میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عبدالخالق گجر نے کہا کہ یہ فورم نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فورم میں شرکت کے ذریعے ہمیں اپنی تعمیراتی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز اور تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فورم پاکستان کے کنٹریکٹرز اور انجینئرز کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بہت معاون ثابت ہوگا۔
چوہدری عبدالخالق گجر نے کہا کہ پاکستان کی تعمیراتی صنعت دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایسے عالمی فورمز میں شرکت سے ہمارے ملک کے وقار میں اضافہ ہوگا۔