ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام تحصیل سانگلہ ہل اور تحصیل شاہ کوٹ میں سول ڈیفنس آگاہی اور تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جن میں نوجوانوں اور عام شہریوں کو قدرتی آفات، آگ لگنے، ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل، ابتدائی طبی امداد اور شہری تحفظ جیسے اہم موضوعات پر عملی تربیت دی گئی۔
ورکشاپس میں صدر مسلم یوتھ لیگ وسطی پنجاب عدیل عامر، جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ ننکانہ ڈاکٹر ثاقب مجید، اور ضلع صدر مسلم یوتھ لیگ انجینئر علی احمد ملک نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں ہر شہری کے لیے سول ڈیفنس کی تربیت ناگزیر ہو چکی ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانیں بچانے کے قابل ہو سکیں۔
ماہرین کی جانب سے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد، فائر فائٹنگ، ہنگامی انخلاء اور ریلیف اقدامات کے اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ عملی مظاہروں نے ورکشاپ کو نہ صرف مفید بلکہ دلچسپ بھی بنا دیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نوجوانوں کو صرف سیاسی نہیں بلکہ عملی طور پر قومی خدمت کے لیے بھی تیار کر رہی ہے۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسے آگاہی پروگرامز کو پورے ضلع ننکانہ اور پنجاب بھر میں وسعت دی جائے گی۔ والدین اور اساتذہ نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔