ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ کھیلتا پنجاب گیمز 2024 کا اختتام، کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم
ننکانہ صاحب میں ضلع لیول کی وزیر اعلیٰ کھیلتا پنجاب گیمز 2024 اختتام پذیر ہو گئیں۔ کرکٹ، فٹبال، ہاکی، بیڈمنٹن، ایتھلیٹکس اور کبڈی کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقسیم انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو تھے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ لیول کے مقابلوں میں جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں کو انعامات سے نوازا۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجہیہ ثمرین، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اظہر محمود اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ کھیلتا پنجاب گیمز کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ ان مقابلوں کا آغاز یکم نومبر کو ہوا اور 10 نومبر کو اختتام پذیر ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں اور مقامی ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔ اسپورٹس کے مقابلے مستقبل میں صوبائی اور ملکی سطح پر کامیاب کھلاڑی پیدا کرنے کا ذریعہ بنیں گے۔ جیتنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 50 ہزار روپے اور ٹرافی دی گئی۔