ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)سیکرٹری/ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر ضلع ننکانہ صاحب میں کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کے انٹرا ڈسٹرکٹ مقابلے منعقد کیے گئے۔ یہ مقابلے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کی نگرانی میں گورنمنٹ گورونانک ہائی اسکول میں منعقد ہوئے۔
اس موقع پر ریسکیو سیفٹی آفیسرز علی عمران اعوان، عمران شہزاد، اسٹیشن کوآرڈینیٹرز محمد فہد امین اور محمد نواز سمیت دیگر ریسکیو افسران اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر بھی موجود تھے۔
ان مقابلوں میں ضلع کی تینوں تحصیلوں کی ٹیموں نے شرکت کی اور مختلف ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے عملی مظاہرے کیے۔ مظاہروں میں زخمی افراد کی درجہ بندی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے، پانی میں ڈوبنے والوں کی بچاؤ کارروائی، منہدم عمارتوں میں پھنسے افراد کی تلاش اور آگ بجھانے کی مہارتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ بکٹ بریگیڈ جیسی مہارتوں کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے اعلان کیا کہ شاہ کوٹ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میدان مار لیا ہے۔ یہ ٹیم اب لاہور میں ہونے والے پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ کوارٹرز میں آٹھویں نیشنل کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم چیلنج میں شرکت کرے گی۔
محمد اکرم پنوار نے مزید کہا کہ کمیونٹی سطح پر ایسی ٹیموں کی موجودگی حادثات کی روک تھام اور عوام میں تحفظ کا احساس اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔