ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 5 روزہ پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ مہم 3 نومبر تک جاری رہے گی، جس کا مقصد ضلع کے تمام پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ اس مہم کے دوران 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی فراہم کیے جائیں گے۔
انسداد پولیو مہم کے لیے 1198 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں سرکاری ملازمین شامل ہیں۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ افسران نے زور دیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ، سی او ایجوکیشن، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ، ایم ایس اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔