مزید دیکھیں

مقبول

ننکانہ: ڈی سی کا دھماکے دار ایکشن، اب پرائیویٹ سکول مافیا کی لوٹ مار بند، فیسیں ہوں گی کنٹرول

ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( احسان اللہ ایاز کی خصوصی رپورٹ)ڈی سی کا دھماکے دار ایکشن، اب پرائیویٹ سکول مافیا کی لوٹ مار بند، فیسیں ہوں گی کنٹرول، کسی بھی پرائیویٹ سکول کو فیس بڑھانے سے قبل محکمہ تعلیم سے باضابطہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا

ضلع ننکانہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے پرائیویٹ سکول مافیا کے خلاف ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی رجسٹریشن اور من مانی فیسوں کے تعین کے حوالے سے ایک اہم اور فیصلہ کن اجلاس منعقد کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر اور سی او تعلیم سمیت سکول ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی شرکت نے اس اجلاس کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ سکول اپنی فیسوں میں 05 فیصد سے زائد اضافہ نہیں کر سکیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سکولوں کی فیسوں کا تعین ان کے تعلیمی معیار اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایجوکیشن افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ یکم مئی سے ضلع بھر کے تمام پرائیویٹ سکولوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کسی بھی پرائیویٹ سکول کو فیس بڑھانے سے قبل محکمہ تعلیم سے باضابطہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کی رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کر دی جائے گی اور انہیں بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، یہاں تک کہ سکول کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

نئے پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے بھی سخت قوانین وضع کیے گئے ہیں جن کے تحت بلڈنگز میں تمام ضروری سہولیات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا اور رجسٹریشن سے قبل تمام متعلقہ سرکاری اداروں سے باقاعدہ سرٹیفکیٹس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر نے پرائیویٹ سکولوں میں اساتذہ کی کوالیفیکیشن کے معیار کو بھی طے کرنے پر زور دیا تاکہ طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے تمام پرائیویٹ سکولوں کو قانون کے مطابق 10 فیصد مستحق طلباء کو مفت تعلیم فراہم کرنے کی بھی سختی سے ہدایت کی اور واضح کیا کہ اس حکم پر کسی قسم کی خانہ پری ناقابل قبول ہوگی۔

ایک اہم اعلان کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائیویٹ سکولوں کو ہدایت کی کہ وہ پاک فوج اور سول سروس کے شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کریں۔ رجسٹریشن کے لیے این او سی جاری کرنے والے تمام اداروں کو اس بات کا سرٹیفکیٹ لازمی طور پر حاصل کرنا ہوگا کہ متعلقہ سکول شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کے لیے تیار ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے واضح کیا کہ ان احکامات پر ہر صورت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کے اس تاریخی اقدام سے ضلع ننکانہ میں پرائیویٹ سکولوں کی من مانیوں کا خاتمہ اور معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں