ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے شدید دھند اور سرد موسم کے باوجود شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے رات کے وقت بنیادی مراکز صحت نتھوالا اور بورالہ کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری، ادویات کے اسٹاک اور دیگر سہولتوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طبی عملے کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، تحصیل ہیڈ کوارٹرز، رورل ہیلتھ سنٹرز اور دیہی مراکز صحت کا عملہ رات کے وقت بھی شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے سخت موسم میں خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
محمد تسلیم اختر راؤ نے سی او ہیلتھ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام دیہی مراکز صحت پر رات کے وقت 02 فی میل اور 01 میل سٹاف کو تعینات کیا جائے اور کسی بھی ہسپتال میں تین افراد سے کم عملہ نہ ہو، ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
اس دورے کا مقصد شہریوں کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا اور ہسپتالوں میں عملے کی حاضری کو یقینی بنانا تھا تاکہ شدید موسم کے باوجود لوگوں کو فوری طبی امداد مل سکے۔








