مزید دیکھیں

مقبول

ننکانہ : ڈپٹی کمشنر کا دورہ، ناقص میٹریل بے نقاب، محکمہ ہائی وے کی کارکردگی پر سوالات

ننکانہ صاحب (نامہ نگار، احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے دوران مانوالہ روڈ پر تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل کا انکشاف ہوا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کی سرزنش کی اور ازسرنو معیاری انداز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

ڈپٹی کمشنر نے ننکانہ تا فیروز وٹواں اور ننکانہ تا مانوالہ سڑکوں کے 44 کلومیٹر طویل منصوبے کا معائنہ کیا، جو کہ 1100 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے میٹریل کے معیار، کام کی رفتار اور منصوبے کی تکمیل کے ٹائم فریم کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایس ڈی او ہائی وے نے ڈپٹی کمشنر کو تمام تکنیکی پہلوؤں پر بریفنگ دی، تاہم جب مانوالہ روڈ پر ناقص میٹریل استعمال ہوتا پایا گیا تو ڈی سی نے موقع پر ہی کارروائی کی۔

ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبے ہر صورت 30 مئی 2025 تک مکمل کیے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت وزٹ نہ کیا جاتا تو ناقص میٹریل سے یہ سڑک مکمل کر دی جاتی، جو سرکاری فنڈز کے ضیاع اور عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوتا۔

ترقیاتی منصوبوں میں غفلت، ناقص کارکردگی یا کسی بھی بدعنوانی کے امکانات کو مکمل طور پر رد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ منصوبوں میں شفاف نگرانی نہ ہوئی تو کروڑوں روپے ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مین شاہراہوں پر کیٹ آئیز، لین مارکنگ، اور اسٹینڈرڈ سائن بورڈز کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پائیدار سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، سی او ضلع کونسل اور ہائی وے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کے تحت ننکانہ صاحب میں سڑکوں کی بحالی و تعمیراتی کام برق رفتاری سے جاری ہے، اور جلد ہی دیگر نئی اسکیموں پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام، طلبہ اور کسانوں کو ان سڑکوں سے براہ راست فائدہ ہوگا، اور ہر منصوبہ معیار، شفافیت اور پائیداری کی مکمل ضمانت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں