ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ضلع ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممبران اسمبلی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ممبران اسمبلی کو ضلع کے ترقیاتی منصوبوں بشمول سڑکوں، بلڈنگز، بیوٹیفکیشن پروجیکٹس، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری کام کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلع کی سیوریج، سڑکوں کی بحالی و مرمت اور بیوٹیفکیشن کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
ممبران اسمبلی نے اجلاس میں ہدایت دی کہ حکومت کی جانب سے منظور شدہ تمام منصوبوں پر فوری کام کا آغاز کیا جائے۔ ضلع کے تمام شہروں کے سیوریج سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور بیوٹیفکیشن و تعمیر و ترقی کے تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کر کے مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات دیں کہ وہ ممبران اسمبلی کے فیڈ بیک کے مطابق کام کی نگرانی کریں اور ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔








