ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب ایک بڑے کرپشن اسکینڈل کی زد میں آ گیا ہے جہاں مبینہ طور پر ہسپتال کے اندر موجود کرپٹ مافیا 60 اور 50 KVA کے دو بڑے جنریٹر غائب کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ انتہائی قیمتی سامان ہسپتال کے ریکارڈ سے تو ظاہر ہے لیکن عملی طور پر غائب ہو چکا ہے، اور اس بارے میں کوئی بھی ذمہ دار شخص جواب دینے کو تیار نہیں۔
اس واقعے نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید سوالات اٹھا دیے ہیں اور عوامی حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ کوئی معمولی چوری نہیں بلکہ لاکھوں روپے مالیت کے بڑے آلات کا ہضم ہو جانا ایک ایسے منظم مافیا کی نشاندہی کرتا ہے جو ہسپتال کے اثاثوں کی بندر بانٹ میں مصروف ہے۔
عوامی نمائندوں اور سماجی کارکنوں نے اس سنگین معاملے پر فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ ہسپتال میں موجود قیمتی سامان کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اسکینڈل ہسپتال میں پہلے سے موجود بدانتظامی اور کرپشن کی شکایات کو مزید تقویت دیتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف غائب ہونے والے جنریٹروں کا سراغ لگایا جائے بلکہ ان تمام افراد کا محاسبہ بھی کیا جائے جو اس واردات میں ملوث ہیں۔







