مزید دیکھیں

مقبول

راولپنڈی میں کے ایف سی پر حملے کے بعد پولیس تعینات

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان میں...

جب امریکا کا وجود نہیں تھا، تب بھی جینا جانتے تھے،چینی تھنک ٹینک

چین کے تھنک ٹینک "سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن"...

سوات، دہشتگردوں کےخلاف آپریشن، چار جہنم واصل

18 اپریل 2025 کو سوات ضلع میں سیکیورٹی...

گرفتاری اور جرمانے کے باوجود پارکنگ سٹینڈ پر من مانی،وزیر اعلی سے نوٹس کی اپیل

قصور ڈی ایچ کیو المعروف بابا بلہے شاہ ہسپتال قصور...

ننکانہ :غفلت کی انتہا،ڈی ایچ کیو ہسپتال، ایکسرے فلم غائب،مریض خوار،کس کا ہوگااحتساب؟

ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ننکانہ صاحب میں طبی سہولیات کا سنگین بحران سامنے آیا ہے، جہاں دانتوں کے شعبے میں ایکسرے فلم کی مسلسل عدم دستیابی نے مریضوں کو شدید اذیت اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ یہ صورتحال انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک کی واضح نشاندہی کرتی ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ میں کافی دنوں سے ایکسرے فلم موجود نہیں ہے، جس کے باعث دور دراز سے علاج کی غرض سے آنے والے سینکڑوں مریضوں کا نہ تو مکمل معائنہ ممکن ہو پا رہا ہے اور نہ ہی ان کا بروقت علاج شروع کیا جا سکا ہے۔ انتہائی تشویشناک بات یہ ہے کہ اس سنگین مسئلے کے باوجود ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کوئی بھی سنجیدہ اور فوری اقدام نہیں اٹھایا گیا، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان کی بے حسی اور ہٹ دھرمی اب معمول کا حصہ بن چکی ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ میں بہترین اور قابل ڈاکٹرز کے ساتھ تربیت یافتہ عملہ بھی موجود ہے، جو مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ روزانہ تقریباً 100 کے قریب مریض دونوں شفٹوں میں اس شعبے سے امیدیں وابستہ کر کے رجوع کرتے ہیں لیکن بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث انہیں مایوس اور خوار ہو کر واپس لوٹنا پڑتا ہے۔ کیا یہ انسانیت سوز سلوک کسی بھی صورت میں قابل قبول ہے؟

مجبور اور پریشان حال مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی سے فوری اور سخت نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سنگین صورتحال کی فوری اصلاح کی جائے اور مریضوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

عوامی حلقوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اس بدترین صورتحال کا اصل ذمہ دار کون ہے؟ کیا یہ ایم ایس کی نااہلی ہے یا پروکیورمنٹ آفیسر کی مجرمانہ غفلت؟ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اس کا فوری تعین کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں صحت جیسے حساس شعبے میں ایسی سنگین غفلت کا اعادہ نہ ہو۔

شہریوں نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ صحت جیسا انتہائی اہم اور حساس شعبہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا اعلیٰ ترین حکام کو اس معاملے پر فوری اور فیصلہ کن ایکشن لینا ہو گا اور ان بے بس مریضوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہو گا جو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔ کیا کوئی ہے جو ان کی فریاد سنے اور اس نظام کی نااہلی کا محاسبہ کرے؟

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں