ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (ہوم ڈیپارٹمنٹ) کا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں برگیڈیئر محمد فرقان شبیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر وجہیہ ثمرین سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سمگلنگ، بجلی چوری، غیر قانونی پیٹرول پمپس، تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات، بھکاریوں، سمگل شدہ آئل اور نان کسٹم گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، مدرسہ اور مسجد اصلاحات، مدارس کی رجسٹریشن، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزوں، تجاوزات اور سمگلنگ کے خلاف مؤثر اور مسلسل کارروائیاں کی جائیں، جبکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے بھکاریوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او سید ندیم عباس نے اجلاس میں کہا کہ پولیس مکمل تعاون فراہم کرے گی اور مقدمات کے فوری اندراج کو یقینی بنایا جائے گا۔ برگیڈیئر محمد فرقان شبیر نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم، صحت اور انصاف کی یکساں فراہمی سے پاکستان ترقی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی مدارس کا ڈیٹا اکٹھا کر کے انہیں جلد از جلد رجسٹرڈ کیا جائے اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں، چینی باشندوں اور گوردوارہ جات کی یاترا کے لیے آنے والے زائرین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور ضلع میں قانون کی بالادستی کے لیے تمام محکمے باہمی تعاون سے کام کریں گے۔








