ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کی وفات، امت مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے،ثاقب مجید
تفصیل کے مطابق ممتاز عالم دین، نظریہ پاکستان کے داعی اور مظلوم کشمیریوں و فلسطینیوں کی مضبوط آواز ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کی وفات پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے کہا کہ ان کی علمی، دینی اور اصلاحی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کا تعلق ایک علمی اور سیاسی گھرانے سے تھا۔ وہ قائداعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی پروفیسر حافظ عبداللہ بہاولپوری کے فرزند اور حافظ محمد سعید کے برادر نسبتی تھے۔ مکہ مکرمہ کی ام القری یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ مکی صاحب عربی اور انگریزی زبان پر عبور رکھتے تھے اور پاکستان میں مذہبی انتہا پسندی، فتنہ خوارج اور مظلوم کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کے حق میں مضبوط آواز تھے۔
مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے باعث انہیں ہمیشہ ہندوستان کے جھوٹے پروپیگنڈا کا سامنا رہا۔ وہ مختلف تحریکوں جیسے تحریک ختم نبوت، دفاع پاکستان کونسل، تحریک حرمت رسول ﷺ اور تحریک آزادی کشمیر کے سرگرم رہنما تھے۔
ثاقب مجید نے مزید کہا کہ ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی امت مسلمہ کے لیے روشنی کا مینار تھے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے کارکنان ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔