ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت عیدالفطر کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی افسران شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران واپڈا حکام کو ہدایت دی کہ عید الفطر، جمعتہ الوداع اور شب قدر پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاکہ شہری عبادات اور عید کی خوشیوں میں کسی قسم کی پریشانی کا شکار نہ ہوں۔
انہوں نے میونسپل اداروں اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عید الفطر کے موقع پر ضلع کے تمام شہروں، قصبوں، دیہاتوں اور عبادت گاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ تحصیل سطح پر بڑے گراؤنڈز مختص کر کے نماز عید کے بہترین انتظامات کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد سہولت کے ساتھ عبادات کر سکیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عید الفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، نماز عید کے اجتماعات کے دوران عیدگاہوں اور مساجد کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت دی کہ عید کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ کرایوں سے زائد وصولی اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی سی ننکانہ نے مزید کہا کہ عید کے ایام میں تمام بس اڈوں اور پٹرول پمپس پر ٹوائلٹس کی صفائی یقینی بنائی جائے، تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے تاکید کی کہ عید کے دنوں میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود رہیں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کریں تاکہ عوام کو مہنگائی اور زائد قیمتوں سے بچایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے یہ اقدامات عوام کی سہولت اور عید الفطر کے پرامن اور خوشگوار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔








