ننکانہ:ڈسٹرکٹ ہسپتال کی ابتر صورتحال، ڈپٹی کمشنر کا سخت نوٹس

ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہسپتال میں طبی سہولیات کی ابتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر کا ہنگامی اجلاس،سخت نوٹس

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں ہسپتال میں موجود سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور تمام سی سی ٹی وی کیمرے فوری طور پر چالو کیے جائیں گے۔ ڈائیلسز سنٹر میں ڈاکٹرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا اور ایمرجنسی اور لیبر روم میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ ہسپتال کے تمام ان اور آؤٹ پوائنٹس پر دوائیوں کی دستیابی کا چارٹ لگایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرچی کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو کم وقت میں پرچیاں مل سکیں۔ ہسپتال میں وی آئی پی کلچر ختم کیا جائے گا اور تمام مریضوں کو برابر کا سلوک دیا جائے گا۔ ہسپتال میں سیکورٹی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا اور معیار پر پورا نہ اترنے والی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ وہ ہسپتال میں نااہلی برداشت نہیں کریں گے اور ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں آنے والے مریض کا دورانیہ دو گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

Comments are closed.