ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے جنرل سیکرٹری انجینیئر ثاقب مجید نے کہا ہے کہ اقلیتوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اقلیتیں ملک کی ترقی کا ایک لازمی حصہ ہیں اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے ہمیشہ ان کے تحفظ، حقوق اور معاشرتی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کو پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ مہم ضلع ننکانہ صاحب کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہات میں گھر گھر جا کر جاری ہے، جن میں ننکانہ صاحب شہر، منڈی واربرٹن، منڈی فیض آباد، موڑ کھنڈا، بچیکی، بڑاگھر، سیدوالا، شاہ کوٹ اور سانگلہ ہل شامل ہیں۔
ثاقب مجید نے کہا کہ مہم کا مقصد عوام کو پارٹی کے منشور اور خدمات سے آگاہ کرنا ہے اور کارکنان و رضاکاروں کی شبانہ روز محنت سے رکنیت سازی کے تمام اہداف کو پورا کیا جائے گا۔ پارٹی اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ وہ بھی قومی ترقی میں مزید موثر کردار ادا کر سکیں۔