ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کے حکم کو 50 روز اور سی ای او ہیلتھ کے حکم کو 20 روز گزرنے کے باوجود ننکانہ صاحب میں فیس اسکینر مشینیں تاحال نصب نہ ہو سکیں۔ محکمہ صحت کے احکامات تاحال ہوا میں معلق ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر دفاتر نے فیس اسکینر حاضری کے نظام کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر روحیل اختر کی جانب سے متعدد غیر حاضر ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ان نوٹسز کے بعد دفاتر میں بروقت حاضری کا عمل کسی حد تک یقینی ہونا شروع ہو گیا ہے۔

محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب کی جانب سے حاضری کو شفاف بنانے کے لیے فیس اسکینر سسٹم کی ہدایات پر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے حکم نمبر SO(G)/P&SHD)1-36/2016 مورخہ 16 جولائی 2025 کو جاری کیا تھا۔ ان احکامات کو جاری ہوئے 50 روز گزر گئے ہیں لیکن ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ صاحب کے دفاتر میں تاحال فیس اسکینرز نصب نہیں ہو سکے۔

بعد ازاں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ صاحب ڈاکٹر روحیل اختر نے بھی خط نمبر 18,360–65 IG مورخہ 20 اگست 2025 کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، IRMNCH آفس اور دیگر دفاتر کو فوری طور پر فیس اسکینر مشینوں کی تنصیب کا حکم دیا تھا۔ تاہم اس خط کو بھی 20 دن گزرنے کے باوجود کسی دفتر میں عملدرآمد نہ ہو سکا۔

محکمہ صحت اور سی ای او ہیلتھ کے واضح احکامات اور متعدد ہدایات کے باوجود ضلعی سطح پر اس سنگین غفلت نے محکمانہ کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس حکم پر عملدرآمد کون کروائے گا۔

Shares: