ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب کے صدر حمید الحسن نے ننکانہ صاحب میں ضلعی سیکرٹریٹ مرکز المدینہ کا دورہ کیا، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے تمام عہدیداران کا تعارف کروایا، جبکہ مختلف پی پی حلقہ جات کے جنرل سیکرٹریز اور تمام شعبہ جات کے صدور بھی موجود تھے۔
حمید الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش سیاسی، سماجی اور اخلاقی چیلنجز کا واحد حل قومی اتحاد اور نظریۂ پاکستان کی اصل روح میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایک نظریاتی، عوامی اور ابھرتی ہوئی سیاسی جماعت ہے جو امن، اخوت اور اسلامی جمہوری اقدار کی بنیاد پر کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اتحاد کو قومی بقا کی ضمانت سمجھتے ہیں اور یہی پیغام ہے جو برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کرنے کا باعث بنا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت کا منشور کسی مخصوص قوم، مسلک یا طبقے کے لیے نہیں، بلکہ تمام اہل وطن کے لیے ہے۔
انہوں نے ضلعی و حلقہ جاتی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں، خدمت کو شعار بنائیں اور عوام کے دلوں میں جماعت کے لیے جگہ پیدا کریں، کیونکہ یہی راستہ حقیقی کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔