ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)اپناگھر خواب بن گیا ،شہریوں کی جیبیں خالی، غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے پیچھے کون؟

تفصیلات کے مطابق چیف آفیسر اور ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ کی ملی بھگت سے ننکانہ صاحب میں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کا سیلاب آگیا ہے
جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں کی بھرمار کے سبب شہریوں کو اپنے رہائشی مسائل کے حل کے لیے ان اسکیموں کے مالکان کے ہاتھوں لٹنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ کونسل کی پلاننگ برانچ اور ریگولیشن برانچ اس صورتحال پر کوئی مؤثر کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ چیف آفیسر اور ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ، جو ریگولیشن برانچ کے بھی انچارج ہیں، اس صورتحال پر خاموش تماشا دیکھ رہے ہیں۔

محکمہ پلاننگ اور ریگولیشن کی ناکامی کے باعث، ننکانہ شاہ کوٹ روڈ، بچیکی، بڑا گھر، سیدوالا، موڑکھنڈا، مانگٹانوالہ، منڈی فیض آباد، منڈی واربرٹن، ننکانہ صاحب روڈ، اور مانگٹانوالہ روڈ سمیت متعدد علاقوں میں ہاؤسنگ اسکیموں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ضلع بھر میں صرف ایک یا دو ہاؤسنگ اسکیمیں ہیں جو ڈسٹرکٹ کونسل سے منظور شدہ ہیں، جبکہ باقی تمام اسکیمیں غیر قانونی ہیں اور شہریوں کو دھوکہ دے رہی ہیں۔

سماجی حلقے اور شہری ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور صوبائی محتسب پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا اور غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کا سیلاب مزید وسیع ہو جائے گا۔

Shares: