ننکانہ: کرونا ریڈ کمپین تھری کی رقم غائب، محکمہ صحت میں کرپشن کی نئی داستان
ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) محکمہ صحت ننکانہ صاحب میں کرپشن کی ایک اور کہانی سامنے آگئی ہے جہاں سی ای او ہیلتھ کے اکاؤنٹ سے کروناریڈ کمپین تھری 2022 کی رقم غائب ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر سے فوری انکوائری اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریڈ کمپین تھری کے دوران کرونا ویکسی نیشن کے لیے تعینات 1200 سے زائد پیرامیڈیکل اسٹاف، رضاکاروں، ایل ایچ ایس، ایل ایچ ڈبلیو اور دیگر عملے کو تاحال ادائیگی نہیں کی جا سکی۔ یہ رقم پہلے ڈی ایچ او کے اکاؤنٹ سے سی ای او ہیلتھ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی اور پھر پراسرار طور پر غائب ہو گئی۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ رقم کی ادائیگی کے لیے تمام فائل ورک مکمل تھا اور ملازمین نے نظرانہ بھی جمع کر لیا تھا لیکن بدعنوانی کے باعث رقم آج تک ملازمین تک نہیں پہنچی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی اس رقم کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی۔
یہ خبر بھی پڑھیں
ننکانہ: محکمہ صحت کا شرمناک کردار، 1200 کروناوارئر 2 سال سے معاوضے سے محروم
متاثرہ ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری انکوائری کی جائے اور غائب شدہ رقم کی بازیابی یقینی بنائی جائے تاکہ دو سال سے حق سے محروم ملازمین کو ان کی ادائیگی ممکن ہو سکے۔
یہ واقعہ محکمہ صحت کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، جس پر شہریوں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔