ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ 31 جنوری تا 5 فروری تک "شہ رگ ہر صورت چھڑائیں گے” کے عنوان سے ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ ننکانہ صاحب کے جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے اپنے بیان میں کہا کہ جماعت کی قیادت کے حکم پر مختلف عوامی مقامات، چوکوں اور چوراہوں میں یکجہتی کیمپ لگائے جائیں گے۔ مسلم لیگ کے ذیلی شعبہ جات پاک لائرز فورم، مسلم یوتھ لیگ، مسلم ویمن لیگ، مرکزی کسان اتحاد، رابطہ علماء و مشائخ پاکستان اور مسلم اسٹوڈنٹس لیگ کے زیر اہتمام سیمینار منعقد کیے جائیں گے، جن میں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

ہفتہ یکجہتی کشمیر کے دوران پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے "شہ رگ ہر صورت چھڑائیں گے” کے عنوان سے خصوصی ترانے اور کشمیری عوام کی قربانیوں پر مبنی ڈاکومنٹری پیش کی جائے گی۔

یوم یکجہتی کشمیر (5 فروری) کے دن ضلع بھر میں بڑی ریلیاں نکالی جائیں گی، جن میں سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنما شرکت کریں گے۔ ان ریلیوں کا مقصد کشمیر کاز کو اجاگر کرنا اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانا ہے۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

Shares: