ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم کے تحت ونڈا ڈیلرز اور کسانوں کے لیے اہم اقدامات
تفصیل کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ننکانہ صاحب نے تحصیل کے 10 رجسٹرڈ ونڈا ڈیلرز اور پنجاب بینک کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں ونڈا ڈیلرز کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ رجسٹرڈ ڈیلرز کا تعلق ننکانہ، واربرٹن، منڈی فیض آباد، بچیکی اور سید والا سے ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر خورشید عالم نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے رجسٹرڈ کسان اب مقامی فیڈ ڈیلرز سے جانوروں کی خوراک، ونڈا، سائلیج، اور دیگر ضروریات خرید سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے تحصیل بھر میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، اور ہر لائیو اسٹاک دفتر میں سہولت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں کسانوں کو رجسٹریشن اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر خورشید عالم کے مطابق لائیو اسٹاک کارڈ کا مقصد مویشی پال کسانوں کی مالی معاونت، ان کے جانوروں کی صحت و خوراک کے لیے سبسڈی اور دیگر مراعات فراہم کرنا ہے۔ اس کارڈ کے تحت کسانوں کو صفر سود پر قرض دیا جائے گا۔ کم سے کم 5 بچھڑوں پر 27 ہزار روپے فی جانور جبکہ زیادہ سے زیادہ 10 بچھڑوں پر 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قرض کی رقم ماہانہ اقساط کی صورت میں فراہم کی جائے گی، اور یہ سکیم پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہوگی۔ رجسٹریشن کے لیے کسان اپنے قریبی ویٹرنری اسپتال یا سہولت ڈیسک سے رجوع کر سکتے ہیں، یا اپنے موبائل فون سے "PLC (سپیس) شناختی کارڈ نمبر” لکھ کر 8070 پر بھیج سکتے ہیں۔
ڈاکٹر خورشید عالم نے کہا کہ درخواست گزار کا محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈیٹا بیس 9211 پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ مزید سہولت کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ایپلی کیشن پر آن لائن درخواست بھی دی جا سکتی ہے۔
یہ اقدامات کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہیں۔