ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)متروکہ وقف املاک بورڈ نے ننکانہ صاحب میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 55 غیر قانونی دکانوں کو سیل کر دیا۔ یہ آپریشن چیئرمین ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا، جس کا مقصد غیر قانونی تعمیرات کو قانونی کرایہ داری نظام کے تحت لانا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر زون رشید احمد تنیو کی نگرانی میں، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری اعجاز احمد گجر، متروکہ املاک کے عملے اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بچیکی روڈ، مانگٹانوالہ روڈ اور واربرٹن روڈ پر یہ کارروائی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، بورڈ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی قبضے اور تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ ایڈمنسٹریٹر رشید احمد تنیو نے کہا کہ بورڈ کی املاک کو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور تمام قابضین کو کرایہ داری نظام کے تحت لایا جائے گا تاکہ آمدنی میں اضافہ اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔