ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع ننکانہ کا اہم اجلاس ضلع امیر مولانا عتیق الرحمن اظہر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں عقیدہ ختم نبوت، ناموس رسالت، دفاع صحابہ اور اتحاد امت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مولانا عتیق الرحمن اظہر نے خطاب میں کہا کہ ان مقاصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور کارکنان رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر تبلیغ و خدمت خلق میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اجلاس میں تمام تحصیلوں کے امراء و ناظمین، علماء، عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی، جبکہ ملک ذوالقرنین ڈوگر، ملک شعیب ڈوگر، مولانا طارق ضیاء، مولانا عبد المجید، مدثر عزیز، ڈاکٹر احمر، اسامہ چوہدری، حاجی محمد شریف اور حافظ محمد خان نے خصوصی شرکت کر کے مولانا عتیق الرحمن اظہر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
شرکاء نے سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور حافظ عبد الکریم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بلامقابلہ امیر اور ناظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔