ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام ضلعی ورکرز کنونشن ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں تحصیلی صدور، شعبہ جاتی عہدیداران، یوتھ ونگ، میڈیا کوآرڈینیٹر اور ضلعی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ کنونشن کی صدارت صوبائی صدر وسطی پنجاب چوہدری حمید الحسن نے کی۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد 2 نومبر کو مینارِ پاکستان لاہور میں ہونے والے مرکزی ورکرز کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور ضلعی سطح پر تنظیمی حکمتِ عملی مرتب کرنا تھا۔
چوہدری حمید الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ماضی میں قدرتی آفات کے دوران عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عملی خدمت کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب جیسے بحرانوں میں پارٹی کارکنوں کی خدمات نے ثابت کیا کہ سیاست صرف اقتدار نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا نام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مینارِ پاکستان پر ہونے والا کنونشن نظریۂ پاکستان کی تجدید کا موقع ہوگا کیونکہ اسی جگہ سے وطن عزیز کے قیام کا اعلان ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عزم کے ساتھ جا رہے ہیں کہ بقائے پاکستان نظریۂ پاکستان ہی میں مضمر ہے۔
زمان سیف نے کہا کہ آج کا دور ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کا ہے، جہاں ہر کارکن اپنی سوچ، آواز اور نظریہ قوم تک پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو تلقین کی کہ وہ مثبت اور سچائی پر مبنی مہمات چلائیں، ضلعی مسائل کو اجاگر کریں اور اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچائیں تاکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا پیغام ہر گھر تک پہنچے۔
ثاقب مجید نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور تمام تحصیلی صدور اپنے علاقوں میں کنونشن کی تشہیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کنونشن ایک ایسی تحریک کا آغاز ہوگا جس کا مقصد ملک میں خدمت، امن، اتحاد اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر مرکزی ورکرز کنونشن کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضلعی عہدیداران کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 2 نومبر کا دن پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی خدمت اور نظریۂ پاکستان پر مبنی سیاست کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔









