ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں مون سون کی تیاریوں اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 محمد اکرم پنوار سمیت تمام ضلعی اداروں کے سربراہان شریک ہوئے۔

اجلاس میں متعلقہ افسران نے ممکنہ سیلابی صورتحال، مون سون انتظامات اور ہیٹ ویو سے تحفظ کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دریا کے قریب قائم غیر قانونی آبادیوں کو فوری نوٹس جاری کیے جائیں، اور ہدایات نہ ماننے والوں کی تعمیرات کو مسمار کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی شاہراہوں پر آندھی سے گرنے یا جھکنے والے درختوں کو فوراً ہٹایا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

گرمی کی شدت کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل کے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی مقامات اور رش والے علاقوں میں فوری طور پر ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے جائیں تاکہ شہریوں کو شدید گرمی کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے فلٹریشن پلانٹس کی ٹائمنگ ختم کرنے اور ان پلانٹس کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کا حکم دیا تاکہ عوام کو ہر وقت صاف پانی کی سہولت میسر ہو۔ ساتھ ہی سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور میونسپل افسران کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام لاری اڈوں پر مسافروں کے لیے صاف اور ٹھنڈے پانی کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمہ جات مون سون کے پیش نظر اپنی تیاریاں مکمل رکھیں، تمام مشینری چالو حالت میں ہو، اور کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

آخر میں واپڈا حکام کو ہدایت کی گئی کہ مون سون کے آغاز سے پہلے تمام لٹکتی اور ننگی تاروں کو ہٹایا جائے اور مکمل ہونے کے بعد حفاظتی سرٹیفکیٹ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروایا جائے۔

Shares: