ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)میونسپل ملازمین اور پنشنرز کو 4 کروڑ 70 لاکھ کی ادائیگی، ڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی خصوصی ہدایات پر میونسپل کمیٹی کے ملازمین اور پنشنرز کو 4 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی گئی، جس پر ملازمین اور ضعیف العمر پنشنرز نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
میونسپل کمیٹی جو مالی مشکلات کا شکار ہے، ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہوں اور 76 کے قریب پنشنرز کو چار ماہ کی پنشن کی عدم ادائیگی کا سامنا تھا۔ اس صورتحال نے ملازمین اور ان کے خاندانوں کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا تھا، حتیٰ کہ نوبت فاقوں تک پہنچ گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی راؤ انوار کو خصوصی گرانٹ کے ذریعے ادائیگی کی ہدایات جاری کیں۔ ہدایات کے مطابق 76 پنشنرز کو چار ماہ کی پنشن کی مد میں 80 لاکھ روپے اور میونسپل کمیٹی کے ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہوں کی مد میں 3 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔
ملازمین اور پنشنرز نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ ایسے مستقل اقدامات کیے جائیں جن سے اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔