ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار،احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں چیف آرگنائزر فیصل رشید بھٹی کے زیر انتظام نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین این پی جے سی میاں عبدالوحید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس کا مقصد ملک میں شدت پسندی کے خاتمے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس اہم تقریب میں این پی جے سی کے مرکزی قائدین، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ضلعی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران نیشنل پیس اینڈ جسٹس کونسل ننکانہ صاحب کے نومنتخب عہدیداروں نے حلف اٹھایا، جبکہ امن کے فروغ میں نمایاں خدمات پر فیصل رشید بھٹی کو "امن شیلڈ” سے بھی نوازا گیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میاں عبدالوحید نے بھارت اور اسرائیل کی جانب سے کشمیریوں اور فلسطینیوں پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جو خود ظلم و جبر میں ملوث ہیں، وہ دنیا کو امن کا درس کیسے دے سکتے ہیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی برداشت نہیں کرے گی اور ہر ظلم کا جواب دے گی۔

چیف آرگنائزر فیصل رشید بھٹی نے خطاب میں کہا کہ ملک میں ہر چند سال بعد قوم کو فرقہ واریت، برادری ازم اور سیاسی تقسیم کی بنیاد پر بانٹا جاتا ہے، حالانکہ ہم سب ایک کلمہ پڑھنے والی قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا واحد اسلامی ایٹمی ملک پاکستان ہے، جس نے دہشتگردی کا سب سے زیادہ سامنا کیا، چاہے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ ہو یا ٹرین سانحے—دشمنوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی، لیکن افواج اور ریاستی اداروں نے دنیا کے سامنے بھرپور دفاع کیا۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ملک سے دہشتگردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ایسے قومی نوعیت کے پروگرامز کا تسلسل ضروری ہے تاکہ امن، بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی فروغ پا سکے۔

Shares: