ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، احسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیراہتمام ضلعی سیکرٹریٹ میں علمائے کرام کا ایک اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمانِ خصوصی شعبہ دعوت و اصلاح پاکستان کے مدیر حافظ عبدالروف تھے جبکہ جنرل سیکرٹری محمد ثاقب مجید اور مدیر شعبہ دعوت و اصلاح ضلع امیر حمزہ سمیت ضلع بھر سے علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں موجودہ سیلابی صورتحال اور شعبہ خدمتِ خلق کے تحت جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر حافظ عبدالروف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام معاشرے اور خصوصاً نوجوان نسل کی اصلاح اور تربیت میں مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں نوجوان مختلف چیلنجز سے دوچار ہیں، ایسے میں علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ منبر و محراب سے اصلاحی پیغام عام کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، کیونکہ اگر نوجوان نسل کو دینی و اخلاقی اقدار سے جوڑ دیا جائے تو پورا معاشرہ مثبت تبدیلی کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔ حافظ عبدالروف نے مزید کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نہ صرف دعوت و اصلاح کے میدان میں سرگرم ہے بلکہ خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت مصیبت زدہ افراد کی عملی مدد کو بھی اپنا شعار بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ اس جدوجہد میں تنظیم کا ساتھ دیں اور اپنی صلاحیتیں قوم و ملت کی بھلائی کے لیے وقف کریں۔

Shares: