ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت مرکزی صدر علماء و مشائخ ونگ قاری محمد یعقوب شیخ نے کی۔ ریلی میں صوبائی صدر وسطی پنجاب شیخ فیاض احمد، ضلعی صدر میاں محمد عابد، ضلعی جنرل سیکرٹری انجینئر ثاقب مجید، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رائے شجر عباس، سابق صدر رائے قاسم مشتاق، سیاسی و سماجی رہنماؤں، علماء کرام، وکلاء، تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یکجہتی فلسطین ریلی ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بیری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کی آزادی کے حق اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ فلسطین کے پرچم تھامے شرکاء نے فلسطین کی آزادی اور اسرائیل مخالف نعرے بازی بھی کی۔ ریلی کے دوران اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا اور فلسطین کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

بیری چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ دنیا میں امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا جلد حل ضروری ہے۔ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ گرا رہا ہے اور امریکہ اور برطانیہ کی سربراہی میں فلسطینیوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے فلسطین میں صرف عمارتیں گری ہیں، فلسطینیوں کے حوصلے نہیں گرے اور وہ آج بھی اپنی آزادی کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ اسرائیل نے اپنے آباؤ اجداد کی طرح معاہدے کو توڑا ہے۔ انہوں نے 57 اسلامی ممالک کے سربراہان سے ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کیا اور زور دیا کہ اتحاد اور جہاد سے اسرائیل کو فلسطین سے نکالنے کی ضرورت ہے۔

Shares: