ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ کو بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے وائس چانسلر کا اضافی چارج چھ ماہ کے لیے سونپ دیا گیا ہے۔ اپنے نئے چارج سنبھالنے کے موقع پر، پروفیسر سجاد مبین نے یونیورسٹی کی ترقی اور مسائل کے حل کے حوالے سے اپنے ویژن کا اظہار کیا۔

پروفیسر مبین نے بابا گورو نانک یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران سے ملاقات میں یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں کی جانے والی اہم اصلاحات کا ذکر کیا، جن سے تعلیمی معیار میں بہتری آئی۔ انہوں نے عزم کیا کہ وہ اسی جذبے اور ویژن کے ساتھ بابا گورو نانک یونیورسٹی کو بھی ترقی دیں گے۔

انہوں نے فیکلٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم فل پروگرامز کے آغاز اور ایلائیڈ سائنسز میں نئے ڈگری پروگرامز شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ، پروفیسر مبین نے کلاس رومز کا دورہ کیا اور طلباء کے مسائل سنے۔

ڈاکٹر سجاد مبین نے عوامی و نجی شراکت داری کے تحت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور حال ہی میں نصب ہونے والے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، پروفیسر مبین نے بابا گورو نانک یونیورسٹی کے زیر تکمیل کیمپس کا دورہ کیا اور کیمپس کی تیز تکمیل کے لیے ہدایات دیں۔

یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے ترجمان کے مطابق، پروفیسر مبین نے اپنی تقرری کے بعد اوکاڑہ یونیورسٹی کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں ویک اینڈ پروگرامز، سکل ڈویلپمنٹ کورسز، اور صنعتی شراکت داری شامل ہیں۔ وہ یہی اقدامات بابا گورو نانک یونیورسٹی میں بھی لاگو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ یونیورسٹی کی انفراسٹرکچر اور انتظامی مسائل حل ہو سکیں۔

Shares: