ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) فراز احمد نے منڈی فیض آباد کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔

اس دورے میں ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی تھے۔ افسران نے نواں کوٹ اور جٹاں دا واڑہ کے علاقوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریلیف کیمپس میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور امدادی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے آلات کا بھی معائنہ کیا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ایریگیشن اور لائیو سٹاک سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے بتایا کہ سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او فراز احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

Shares: