ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ہاکی اسٹیڈیم ننکانہ صاحب میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام ایک شاندار اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔

اسپورٹس گالا کے دوران ریسکیو ننکانہ الیون اور ریسکیو شاہ کوٹ الیون ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں ریسکیو شاہ کوٹ الیون نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 53 رنز بنائے۔ تاہم ریسکیو ننکانہ الیون کی ٹیم 48 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

دوسرے میچ میں ریسکیو شاہ کوٹ الیون نے 5 اوورز میں 62 رنز کا ہدف دیا، لیکن ریسکیو ننکانہ الیون نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چوتھے اوور کی چوتھی گیند پر میچ جیت لیا۔ محمد حمزہ کی شاندار بیٹنگ نے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس تقریب میں کرکٹ کے علاوہ رسہ کشی، بیڈمنٹن اور لڈو کے مقابلے بھی شامل تھے، جنہوں نے حاضرین کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا۔

تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کھیلوں میں حصہ لینے والے ریسکیورز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کھیلوں کو ٹیم ورک، ذہنی، جسمانی، اور نفسیاتی صحت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا اور ریسکیورز کی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

آخر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامی ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب نے ریسکیورز کے درمیان ٹیم ورک اور مسابقتی جذبے کو مزید فروغ دیا۔

Shares: