ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز): پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب نے عیدالفطر کے لیے ایمرجنسی کور پلان مرتب کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد سعید اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر نے شرکت کی۔
اجلاس میں عیدالفطر کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور ایمرجنسی ریسکیو پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بتایا کہ آپریشنل اسٹاف اور آفیسرز کی چھٹیاں محدود کر دی گئی ہیں۔ ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کا عملہ معمول کے حادثات اور پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ساتھ نماز عیدالفطر کے موقع پر تمام جامع مساجد میں ریسکیو کور فراہم کرے گا۔
اہم مقامات پر موٹر بائیک سروس، ایمبولینس اور فائر وہیکلز کے ساتھ ساتھ ریسکیو موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی۔ مزید برآں، عیدالفطر کے موقع پر محفوظ حد رفتار کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔